اسلام آباد، 23 جنوری (اے پی پی): اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی سیاسی اور انسانی صورتحال پر بریفنگ کے موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے کہا ہے کہ شام میں استحکام کا عمل جاری ہے جس کے لیے تمام فریقوں کی جانب سے دانش مندانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے تاکہ نئی کشیدگی اور انسانی بحران سے بچا جا سکے۔انہوں نے شامی حکومت اور ایس ڈی ایف کے درمیان حالیہ جنگ بندی اور انضمام کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پر مؤثر عمل درآمد سے شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو تقویت ملے گی۔
سفیر عثمان جدون نے عمان روڈمیپ اور کرد برادری سے متعلق صدارتی فرمان کو بھی قومی یکجہتی اور جامع حکمرانی کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔پاکستانی مندوب نے دہشت گردی، بالخصوص داعش اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر انسدادِ دہشت گردی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں انسانی و معاشی صورتحال بدستور عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے اور امداد، بحالیِ معاش اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے مربوط بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے شام کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور اقوامِ متحدہ کے نگران دستے ( یو این ڈی او ایف) کی سلامتی و آزاد نقل و حرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
سفیر عثمان جدون نے شام اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور شامی قیادت میں سیاسی عمل کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔











