لاہور۔24جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (ایس ایم ای) کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026 پاکستان کی معاشی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا، “میڈ اِن پاکستان” ایکسپو ملکی صنعت، ہنر اور برآمدات کے مستقبل کی روشن تصویر ہے۔وہ ہفتہ کے روز ایس ایم ای ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ہارون اختر خان نے بتایا کہ ایکسپو میں ملک بھر کے 20 سے زائد کلسٹرز سے 174 ایس ایم ایز کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں، جو پاکستان کی تاریخ کی پہلی قومی ایس ایم ای کلسٹر نمائش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو ایس ایم ایز کو مقامی و عالمی منڈیوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی خریداروں سے جوڑنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت ایس ایم ای سیکٹر کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے جبکہ کلسٹر اور ڈیٹا پر مبنی ترقی معیشت میں مثبت تبدیلی لائے گی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ ملک بھر سے بہترین ایس ایم ایز کا شفاف طریقے سے انتخاب کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خواتین کاروباری افراد کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، یہ ایکسپو مائیکرو و سمال انٹرپرائزز کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے قابل بنائے گا۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ یہ نمائش صرف مصنوعات کی نہیں بلکہ پاکستان کے ہنر، حوصلے اور صلاحیت کی نمائندگی ہے، خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے خصوصی پویلین حکومتی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز، لیدر، سرجیکل آلات، فرنیچر، ایگرو بزنس سمیت متعدد شعبہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “میڈ اِن پاکستان” صرف ایک لیبل نہیں بلکہ معیار اور قومی وقار کی علامت ہے،ایس ایم ایز کی ترقی سے پاکستان ترقی کرے گا اور یہ ایکسپو پاکستان کو عالمی سپلائی چین کا مضبوط حصہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں، خریداروں اور اداروں کے لیے یہ ایک بہترین نیٹ ورکنگ موقع ہے جبکہ حکومت ایس ایم ایز کو فنانس، ٹیکنالوجی اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کر رہی ہے۔











