لاہور۔24جنوری (اے پی پی):صدر مملکت کے ترجمان مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور کا ورثہ مقامی ذہانت اور ہنر کی عکاسی کرتا ہے،اس نمائش کا انعقاد ڈاکٹر نادرا اور ڈاکٹر مرتضی تاج کا بڑا کارنامہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورآرٹس کونسل الحمرا میں نویں تھنک فسٹ (افکارِ تازہ) میں منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ نمائش میں موجود نوادرات مقامی ہنر کا شاہکار ہیں،نوادرات لوٹ مار نہیں بلکہ مقامی ہنر کی زندہ مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کاریگروں کی مہارت تاریخی ورثہ ہے،ہتھیار، سکے، زیورات اور گاڑیاں سب مقامی دستکاری کی زندہ مثالیں ہیں۔مرتضی سولنگی نے مزید کہا کہ مجھے یہاں پنجابی میں بات کرنی چاہیے تھی، مگر کچھ دوستوں کو اردو اور پنجابی سمجھ نہیں آئیگی۔انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی نمائش دیکھے بغیر اصل تاریخ کو سمجھنا ممکن نہیں،مہاراجہ رنجیت سنگھ کا دور نسبتا سیکولر تھا،اس میں دیگر مذاہب کے لوگ بھی اہم عہدوں پر تعینات تھے،تاریخی دستکاری سے بڑھ کر حکمرانی کا ماڈل قابل غور ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد ڈاکٹر نادرا اور ڈاکٹر مرتضی تاج کا بڑا کارنامہ ہے کیونکہ اس سے مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور حکومت کو سمجھنے میں آسانی اور اس سے خصوصا نوجوانوں کو تاریخ سمجھنے میں مدد ملے گی۔











