لاہور: 16 جنوری (اے پی پی): ٹریفک وارڈن فواد خان نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب نے شہریوں کو ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں ٹریفک وارڈن فواد خان کی خدمات کو سراہا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن فواد خان نے سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک قوانین، انفورسمنٹ اور موٹر وہیکل آرڈیننس کے بارے میں بھرپور آگاہی دی، جس سے عوام میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور اجاگر ہوا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک آگاہی مہم میں نمایاں کارکردگی پر ٹریفک وارڈن فواد خان کو کیش ایوارڈ اور تعریفی لیٹر دے کر حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں میں ترمیم شدہ ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ٹریفک آگاہی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم ٹریفک نظام فراہم کیا جا سکے۔











