اسلام آباد، 26جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں جدید سی بی سی (CBC) مشین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ مشین ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ہسپتال کو عطیہ کی گئی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید سی بی سی مشین کی تنصیب سے مریضوں کو خون کے مختلف ٹیسٹس کی سہولت ہسپتال میں ہی میسر آ سکے گی، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ علاج کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے مستفید ہونے والے مریضوں کی دعائیں کسی بھی نیکی کا بہترین صلہ ہیں۔
سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے سی بی سی مشین عطیہ کرنے پر ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عظمت سلیم اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور نجی شعبے کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔











