جی ڈبلیو ایم نے پاکستان میں ہیول فلیگ شپ ڈیلرشپ پر ٹینک 500 لانچ کر دیا

12

اسلام آباد،26جنوری(اے پی پی):عالمی آٹو موبائل کمپنی گریٹ وال موٹر  نے پاکستان میں اپنی پریمیم آف روڈ اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل ٹینک 500 کو باضابطہ طور پر ہیول کی فلیگ شپ ڈیلرشپ پر لانچ کر دیا ہے، جو ملکی آٹو موبائل مارکیٹ میں کمپنی کی توسیع کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ ٹینک 500 کو جنوری 2026 میں ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (HEV) اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (PHEV) ویریئنٹس میں متعارف کرایا گیا ہے۔

ٹینک 500 کو ایک لگژری فل سائز ایس یو وی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو طاقتور آف روڈ صلاحیتوں، جدید ڈیزائن اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج ہے۔ گاڑی میں جدید ہائبرڈ پاور ٹرین، ایڈوانس فور ویل ڈرائیو سسٹم اور اعلیٰ معیار کے اندرونی سہولیات شامل ہیں، جو کارکردگی اور آرام دونوں کے متلاشی صارفین کی ضروریات پوری کرتی ہیں۔

کمپنی کے مطابق ٹینک 500 کی بکنگز رواں ماہ کے آخر میں شروع کی جائیں گی جبکہ گاڑی کی ڈیلیوریز آئندہ چند ماہ میں متوقع ہیں۔ جی ڈبلیو ایم کا کہنا ہے کہ یہ لانچ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، کم ایندھن خرچ کرنے والی اور پریمیم ایس یو ویز کی بڑھتی ہوئی طلب کا عکاس ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جنرل منیجر ریحان ظفر نے کہا کہ ہیول فلیگ شپ ڈیلرشپ پر ٹینک 500 کا اجرا پاکستان میں جی ڈبلیو ایم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پریمیم ایس یو وی عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور پائیدار موبیلٹی سلوشنز کی فراہمی کے لیے کمپنی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینک 500 کو خاص طور پر پاکستانی صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، جو لگژری، بہترین کارکردگی اور آف روڈ صلاحیتوں کے ساتھ ایندھن کی بچت بھی چاہتے ہیں۔

ہیول کی فلیگ شپ ڈیلرشپ نیٹ ورک کے ذریعے ٹینک 500 کی لانچنگ کے ساتھ، جی ڈبلیو ایم کا ہدف پاکستان کے پریمیم ایس یو وی سیگمنٹ میں مضبوط مقابلہ کرنا اور ملکی آٹو موبائل صنعت میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔