صنعتوں کے مسائل کا پورا ادراک ہے ، حکومت گروتھ کو ترجیح دے رہی ہے:ہارون اختر

10

اسلام آباد، 31 جنوری  ( اے پی پی): معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو صنعتوں کے مسائل کا پورا ادراک ہے اور موجودہ حکومت گروتھ کو ترجیح دے رہی ہے۔

  میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں آئی ایم ایف پروگرام کے اندر رہتے ہوئے ریلیف کے اقدامات نظر آئیں گے۔

سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ  سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تنقید جمہوریت کا حسن ہے اور اسی تنقید سے حکومت اپنی کارکردگی بہتر بناتی ہے۔ انہوں نے  اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام ہی سرمایہ کاری کے فروغ کی بنیاد ہے اور موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

‎انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے لیے پورے ملک کے صنعتکار اور تاجر مساوی ہیں اور وہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہیں۔

ہارون اختر نے بتایا کہ وہ خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں اور تاجروں کے شکوے وزیراعظم تک پہنچاتے ہیں، کئی مسائل فوری طور پر حل کیے گئے جس پر صنعتکار خوش ہو کر گئے جبکہ خواتین صنعتکار سب سے زیادہ پرعزم اور متحرک ہیں۔