صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا اہم اجلاس

7

لاہور، 30 جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پی ایس آئی سی) کے بورڈ کا ایک اہم اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا اور متعدد اہم ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں میٹل کرافٹس آرٹیزن ویلیج کوٹ عبد المالک کی 11.55 ملین روپے کی لاگت سے اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح بورڈ نے 61.26 ملین روپے کی لاگت سے گندھارا آرٹ ویلج ٹیکسلا کی تزئین و آرائش اور ٹریننگ ہال کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی۔ کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے پیشِ نظر دستکاروں کے لیے 150 ملین روپے کی لاگت سے بلاسود قرض کی نئی سکیم منظور کی گئی، جس کے تحت دستکاروں کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس سکیم سے 429 دستکار مستفید ہو سکیں گے۔ بورڈ نے ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کی گریجوایٹس کے لیے بلاسود قرض سکیم کی بھی منظوری دی۔ 50 ملین روپے کی لاگت سے شروع کی جانے والی اس سکیم کے تحت ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کی گریجوایٹس کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض دیا جائے گا، جس سے 143 خواتین سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں گی۔ اجلاس میں لیہ، ملتان اور گجرات میں ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹرز کے قیام کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ منڈی بہاوالدین اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل آفس گجرات کے قیام کے پی سی ون کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے ساہیوال، سرگودھا، جہلم اور ٹیکسلا کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز آف مینجمنٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے پانچ سالہ انکم جنریشن پلان کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ آرٹیزن ویلیج کوٹ عبد المالک اور گندھارا آرٹ ویلج ٹیکسلا کو اپ گریڈ کر کے جدید پروڈکشن سینٹرز بنایا جائے گا۔ انہوں نے آرٹیزن ویلیجز کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے محکمہ سیاحت سے مشاورت کی ہدایت بھی کی، جبکہ آرٹیزن ویلیج کوٹ عبد المالک میں کنٹین کی سہولت فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دستکاروں کے لیے بلاسود قرض کی نئی سکیم سے دستکاری کے فن کو فروغ ملے گا اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی بلاسود قرض سکیموں سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں قائم ہینڈی کرافٹس شاپ کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے جاری پروگرام کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چوہدری شافع حسین نے تمام ترقیاتی سکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر نے ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر لاہور سے اب تک 400 خواتین سرمایہ کار تربیت حاصل کر چکی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود، ایم ڈی پی ایس آئی سی سائرہ عمر اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔