اسلام آباد،13جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی نے مختلف ہوائی اڈوں پر دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دینے کی تحقیقات کےلئے فوری اقدامات کرنے کی قراردادکی متفقہ طورپرمنظوری دے دی ۔منگل کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں سید آغارفیع اللہ نے اس حوالے سے قراردادپیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے قراردادایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طورپرمنظوری دے دی ۔قراردادکے متن میں کہاگیاہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت مختلف ہوائی اڈوں پر دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دینے کی تحقیقات کےلئے فوری اقدامات کرے ، مواصلاتی نظام کو بہتر بناتے ہوئے شفافیت، جوابدہی اور مسافروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے انتظامی اصلاحات کی سفارش کرے تاکہ سفر کی اجازت نہ دینے سے متعلق تمام فیصلوں کو قانونی اور باقاعدہ دستاویزی شکل دی جاسکے۔
وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ حکومت سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کو ترجیح دے رہی ہے۔ پانچ حصوں پر مشتمل یہ منصوبہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔
آج ایوان کے سامنے تین بل رکھے گئے، جن میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ترمیمی بل، 2025، آئی سی ٹی بیٹریز (مینجمنٹ اینڈ ری سائیکلنگ) بل، 2025 اور کوآپریٹو سوسائٹیز ترمیمی بل، 2025 شامل ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے سبز احاطہ میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذی شہتوت کے درخت ان سے منسلک صحت کے خطرات کی وجہ سے ہٹا دیے گئے تھے۔ ان کی جگہ آٹھ سے دس فٹ اونچائی کے چالیس ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔











