وفاقی وزیر کا گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال، راولپنڈی کو قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان

15

راولپنڈی 13 جنوری2026 : وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال، راولپنڈی کو پاکستان کا قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد اس تاریخی تعلیمی ادارے میں ایک باضابطہ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں اسے قومی ورثہ کا درجہ دیا جائے گا۔

کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال محض ایک تعلیمی عمارت نہیں بلکہ علم، شعور، کردار اور قومی تاریخ کا ایک زندہ استعارہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو قوم کا مستقبل اور ملک کے روشن ستارے قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قیامِ پاکستان کے وقت طلبہ کو تعلیم پر زور دینے کی تلقین کی تھی اور آج بھی یہی پیغام دیا جا رہا ہے کہ نوجوان علم اور کردار کو اپنا شعار بنائیں۔

انہوں نے کالج انتظامیہ کو وزارتِ ثقافت اور اس کے ماتحت اداروں کے ساتھ معاہدوں کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کے تمام ادارے تعلیمی و ثقافتی تعاون کے لیے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ کالج وزارت کے ماتحت مختلف اداروں اور پلیٹ فارمز کو بلا معاوضہ استعمال کر سکتا ہے تاکہ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔