لودھراں سمیت پنجاب بھر میں آٹے کی وافر فراہمی، قیمتیں مستحکم، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس

17

لودھراں،10 جنوری(اے پی پی ): سمیت پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی وافر جبکہ مارکیٹ مکمل طور پر مستحکم ہے۔ حکومتِ پنجاب کی کنٹرولڈ ریلیز پالیسی کے باعث آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔ ڈی جی فوڈ امجد حفیظ کے مطابق صوبہ بھر میں فلور ملز کی جانب سے 32 ہزار 365 میٹرک ٹن گندم کی ریکارڈ پسائی کی گئی، جبکہ کنٹرولڈ ریٹ پر 16 ہزار میٹرک ٹن گندم فلور ملز کو جاری کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ10جنوری کو پنجاب بھر میں تقریباً 20 لاکھ آٹے کے تھیلوں کی فراہمی کی گئی، یومیہ معمول سے زائد سپلائی کے باعث کسی قسم کی قلت یا بحران کا خدشہ نہیں۔ ڈی جی فوڈ کے مطابق 9 لاکھ 84 ہزار سے زائد 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملتان اکرام لوٹھڑ کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے جبکہ 20 کلو آٹا 1810 روپے میں دستیاب ہے۔ ڈی ایف سی لودھراں سید ندیم عباس نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور افواہوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماہِ رمضان کے پیشِ نظر آٹے کی سپلائی چین کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بلا تعطل آٹا دستیاب رہے۔