لاہور، 30 جنوری (اے پی پی): مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور اعلیٰ ضلعی حکام کے ہمراہ حلقہ پی پی-146 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راوی ٹاؤن سنبل جاوید، سی او میونسپل کارپوریشن شاہد کاٹھیا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک کی آمد پر چیئرمین پی ایچ اے اور رکن اسمبلی غزالی سلیم بٹ سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور علاقہ مکینوں نے شاندار استقبال کیا۔ حلقے کے عوام نے مشیر وزیراعلیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، پھولوں کے ہار پہنائے اور پرجوش نعرہ بازی کی۔ ذیشان ملک نے کھوکھر پنڈ، رنگ روڈ اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں بڑی تعداد میں اہل علاقہ ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز نے مشیر وزیراعلیٰ کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کھوکھر پنڈ میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کھوکھر پنڈ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں انفراسٹرکچر کی بہتری، سیوریج سسٹم، گلی محلوں کی مرمت اور دیگر اہم ترقیاتی کام شامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے گئے ہیں۔ ذیشان ملک نے کہا کہ کھوکھر پنڈ میں مزید ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے جن سے علاقے کی قسمت بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی پیغام لے کر آئے ہیں اور پارٹی قیادت کا حلقے کے عوام کے ساتھ محبت اور خدمت کا رشتہ لازوال ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور مزید ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی غزالی سلیم بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنے وعدے کے مطابق کھوکھر پنڈ جیسے پسماندہ علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا۔











