ملتان 15 جنوری )اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے میونسپل لائبریری کا دورہ کیا اور شہریوں کو بہتر تفریحی و تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میونسپل لائبریری کے برآمدے میں واک اِن کیفے قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لائبریری اور دمدمہ کی دیوار کے درمیان موجود خالی جگہ پر سٹ اِن کیفے بنایا جائے گا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ سٹ اِن کیفے میں شیڈ، لائٹس، سبزہ اور بیٹھنے کے مکمل انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو پرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کیفے ایریا کو جدید خوبصورت طرزِ تعمیر کے ساتھ خوبصورت بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل لائبریری کے اطراف کبوتروں اور دیگر پرندوں کے لیے علیحدہ اور دیدہ زیب فیڈنگ ایریا قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو مزید تفریحی مواقع فراہم کرنے کے لیے دمدمہ کی چھت پر ایک اور کیفے کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے گھنٹہ گھر چوک پر زیر تعمیر ڈیوائیڈر کا بھی معائنہ کیا اور بتایا کہ ڈیوائیڈر کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوائیڈر کی ڈیزائننگ میں ملتان کی ثقافت اور تاریخی شناخت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔











