وادی تیراہ میں کوئی فوجی آپریشن نہیں، موسمی نقل مکانی معمول کا حصہ ہے، وفاقی وزراء

16

اسلام آباد، 27 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ وادی تیراہ میں کسی قسم کا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا، بلکہ برفباری اور سخت موسم کے باعث قبائل کی موسمی نقل مکانی معمول کا حصہ ہے جو دہائیوں سے جاری ہے۔

پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ  اور وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر اطلاعات برائے خیبر پختونخواہ اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تی ہوئے ان کا کہنا تھا  کہ اس نقل مکانی کا پاک فوج یا وفاقی حکومت سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے نوٹیفکیشن خیبر پختونخوا حکومت نے خود جاری کیا ہے۔

‎اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی چار ارب روپے ہڑپنے کے لیے یہ معاملہ اچھال رہی ہے اور بلاوجہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

‎وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ضلع خیبر کے قبائل صدیوں سے سردیوں میں نقل مکانی کرتے آئے ہیں اور یہ ایک تاریخی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق قبائل رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کر رہے ہیں اور اس معاملے پر بے بنیاد بیان بازی کی جا رہی ہے۔