اسلام آباد، 10جنوری( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندگان نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور اپنے دائرہ اختیار کے تحت ان کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہری پور میں پورے صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور آئندہ بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی پالیسی جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا جو پشاور کا دورہ کر کے عوامی نمائندگان سے مل کر منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لے گی۔











