ملتان,10 جنوری )اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مسلسل وارننگ کے باوجود کارکردگی بہتر نہ بنانے والے صفائی کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ناقص کارکردگی دکھانے والی کنٹریکٹر کمپنیاں فارغ کر دی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستھرا پنجاب مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی، سٹی و صدر کے نجی صفائی کنٹریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر بھر میں صفائی کی موجودہ صورتحال، کنٹریکٹرز کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے سٹی اور صدر کے نجی کنٹریکٹرز کو حتمی الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر صفائی کے نظام میں فوری اور نمایاں بہتری نہ آئی تو ناقص کارکردگی دکھانے والے کنٹریکٹرز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور غفلت کے مرتکب کنٹریکٹرز پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے گھر گھر کوڑا اٹھانے اور بروقت تلفی کے لیے مائیکرو پلان تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ تمام کنٹریکٹرز اپنی مشینری اور افرادی قوت فوری طور پر مکمل کریں، اس حوالے سے حتمی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی بائیک اسکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے گا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











