اسلام آباد،27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میانمار کے ساتھ تجارت ،معیشت، تعلیم، ثقافت، استعداد کار میں اضافے اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سےمیانمار کے وزیر خارجہ یو تھان سوئے نےملاقات کی ہے۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے بالخصوص انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائی میں میانمار کے تعاون اور پاکستان کے آسیان کے ساتھ روابط کے فروغ کے لئے میانمار کی حمایت کو سراہا۔
میانمار کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور میانمار کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچاتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔ میانمار کے وزیر خارجہ نے گزشتہ سال 28 مارچ میں تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی بروقت امداد پر بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔











