وزیراعظم شہباز شریف کا نیووٹیک کی کارکردگی پر اظہار اطمینان،تکنیکی و فنی تربیت کیلئے نئے اہداف مقرر کرنے کی ہدایت

9

 

‎اسلام آباد، 12 جنوری (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیووٹیک) کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کیلئے نئے اہداف مقرر کرنے اور اپرینٹس شپ قانون پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

‎وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نیووٹیک کے جاری تربیتی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

‎وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کیلئے بین الاقوامی سرٹیفیکشنز کی فراہمی خوش آئند ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کےمواقع بڑھانے کیلئے وزارت خارجہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

‎اجلاس میں بتایا گیا کہ نیووٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور تمام پروگرامز کو انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ملک بھر کی 148 صنعتوں کو شامل کیا گیا جبکہ مدارس میں بھی تربیتی پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔

‎وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیووٹیک کے تمام پارٹنر اداروں میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے بائیومیٹرک حاضری کا نظام نافذ کیا جائے، ادارہ جاتی کارکردگی کی بنیاد پر غیرتسلی بخش اداروں کی رکنیت معطل کی جائے اور نیووٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن و آن لائن مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

‎اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس نیووٹیک کے ذریعے 1 لاکھ 46 ہزار افراد نے تربیت حاصل کی جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشنز فراہم کی گئیں۔ تکامل پروگرام کے تحت 3 لاکھ سے زائد افراد تربیت یافتہ ہوئے اور 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد سعودی عرب میں روزگار سے منسلک ہوئے۔ مزید یہ کہ 350 سے زائد اداروں کو جانچ پڑتال کے بعد بین الاقوامی معیار کی تربیت کا لائسنس دیا گیا اور 2600 نئے اداروں کی رجسٹریشن کی گئی۔

‎اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کا پہلا اسکل بیسڈ بانڈ جاری کیا جا چکا ہے،جس کے تحت نجی شعبے سے نتائج کی بنیاد پر فنڈنگ حاصل کی جائے گی۔ آئی ٹی، زراعت، فِن ٹیک، کان کنی، سیاحت، سپورٹس، ہاسپیٹیلٹی اور شپ بلڈنگ سمیت عالمی طلب کے مطابق مختلف شعبوں میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں۔

‎وزیرِ اعظم نے نیووٹیک کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتری کیلئے نئے اہداف کے تعین کی ہدایت کی۔