صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی محکمہ داخلہ میں اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد سے ملاقات

9

لاہور 12 جنوری:( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے  محکمہ داخلہ میں اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد سے ملاقات کی۔

وفد میں تنظیم المدارس پاکستان، وفاق المدارس العربیہ پاکستان، رابطتہ المدارس پاکستان، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے ذمہ داران شامل تھے ۔ملاقات میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، سیکرٹری آئی اینڈ سی مسعود نعمان، سابق سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری ملاقات میں شریک ہوئے۔سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی جی اوقاف، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیئرمین چیریٹی کمیشن و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے سیکرٹری جنرل مولانا قاری حنیف جالندھری، ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس پاکستان محمد عبد المصطفیٰ ہزاروی، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان سے محمد یسین ظفر، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے مولانا سید مرید حسین نقوی، رابطتہ المدارس الاسلامیہ سے تقویم الحق  حافظ سید قطب، مولانا لعل حسین توحیدی، مولانا احمد حنیف جالندھری، مفتی عبد الرحمن، مولانا عبداللہ مدنی، حافظ محمد یونس، علامہ زبیر احمد صدیقی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، باہمی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  حکومت پنجاب صوبہ بھر میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے، تمام مکاتبِ فکر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،علماء کرام معاشرے میں امن، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ مل کر صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، صوبہ بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معزز علماء کرام ہمیشہ امن کے فروغ اور باہمی رواداری کا درس دیتے ہیں، مساجد کے معزز امام صاحبان اپنے قریبی اسسٹنٹ کمشنر آفس سے اعزازیہ کا پے آرڈر اور رقم حاصل کر سکتے ہیں،لوگوں کو دین کی صحیح روح سے آگاہ کرنا علماء کرام کی عظیم خدمت ہے،  آخر میں ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔