وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لئےنجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

17

 اسلام آباد،15جنوری(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی کاموں میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے ریلویز کی ملکی مجموعی معاشی ترقی،علاقائی صنعت و تجارت میں تعاون اور عوامی سہولت اور کمرشل استعمال کے لیے معیاری کارکردگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے دستیاب ذرائع اور معاشی مسائل کے باوجود بہترین کارکردگی پر وزارت ریلوے کی تمام ٹیم کو شاباش دی۔

 وزیراعظم نے وزارت ریلوے کے وسائل کے کمرشل استعمال کے لیے جامع حکمت عملی جلد از جلد مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات دی۔

 اجلاس میں شریک ہونے والے نجی شعبے کے ماہرین نے ریلویز کی کارکردگی کو مزید موثر کرنے اور اس کے کمرشل استعمال کے تناظر میں مختلف سفارشات  پیش کیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں شریک نجی شعبے کے ماہرین سے قابل قدر سفارشات پیش کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر برائے  اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، فاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، نیشنل کوارڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹننٹ جنرل( ریٹائرڈ) سرفراز احمد،متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران کے علاوہ نجی شعبے سےتعلق رکھنے والے ماہرین زید بشیر، پیر سعد احسان الدین اور دیگر نے شرکت کی۔