اسلام آباد،15جنوری: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانفرنس ہال، ڈائننگ ہال اور دیگر رومز کا جائزہ لیا اور زیر تربیت اے ایس پیز سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آؤٹ پر پلاٹ دئیے جائیں گے اور موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ،چین بھیجا جائے گا اور اے ایس پیز کی ٹریننگ میں مزید جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی ماڈیولز شامل کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افسران کی پیشہ وارانہ قابلیت اورعملی مہارت بڑھانے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور پولیس افسران کی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے افسران کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی اور افسران کی پروموشن کے مسائل حل کیے جائیں گے۔











