وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ملتان کے ہسپتالوں میں مثالی صفائی آپریشن،ویسٹ مینجمنٹ متحرک

33

ملتان، 06 جنوری(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملتان کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں مثالی صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور صفائی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اس خصوصی مہم کے تحت ہسپتالوں کی عمارتوں،وارڈز، داخلی و خارجی راستوں، راہداریوں اور احاطوں میں بھاری مشینری کے ذریعے جامع صفائی،سکریپنگ اور ویسٹ کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تربیت یافتہ عملے نے ہسپتالوں میں خصوصی صفائی آپریشن کے دوران کوڑا کرکٹ، ملبہ اور آلودگی کے خاتمے کو یقینی بنایا،تاکہ مریضوں، لواحقین اور عملے کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف ہسپتالوں اور عوامی مقامات کا دورہ کیا اور جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے،بروقت ویسٹ کلیئرنس اور مستقل مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کیں۔سی ای او عابد حسین بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر صفائی،سکریپنگ اور ویسٹ مینجمنٹ کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے،تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔