وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان 2021 کی پروونشل سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ/ریویونگ کمیٹی کا اہم اجلاس

15

لاہور، 15 جنوری (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان 2021 کی پروونشل سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ/ریویونگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں سوشو اکنامک ڈومین کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ہوم ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں ترقیاتی فنڈز بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مختص فنڈز کی یوٹلائزیشن ماضی کی نسبت زیادہ ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بین الاضلاع سرحدوں پر چیک پوسٹوں کے قیام اور امن عامہ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم، صحت اور امن و امان کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جارحیت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے غربت اور پسماندگی میں کمی کی جامع حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بین المذاہب تنازعات پر قابو پانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جبکہ مساجد اور امام مساجد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے باقاعدہ پالیسی ترتیب دی گئی ہے۔ مساجد و امام مساجد کی رجسٹریشن، انتخاب اور دیگر معاملات میں قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امن کمیٹیوں کی تشکیل نو میں تمام مسالک کو نمائندگی دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مذہب کے نام پر انتہا پسندی اور جارحیت پر قابو پانے کے لیے تعلیم سب سے مؤثر ہتھیار ہے، جبکہ نوجوانوں میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بیروزگاری کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور کم خواندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا بڑا ذریعہ بنیں گے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مزید کہا کہ ہونہار اسکالرشپ، سی ایم لیپ ٹاپ پروگرام اور آسان قرضوں کی فراہمی جیسے اقدامات نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کی ضمانت ہیں اور حکومت پنجاب ان پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے۔