وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر کی ملاقات

21

اسلام آباد،  24 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے  ملاقات کی ہے ، جس میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پری امیگریشن کلیرنس نظام کی افادیت پر گفتگو ہوئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس ٹریننگ کے لیے ہر سطح پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

‎فریقین نے جعلی اور فراڈ ویزا نیٹ ورکس کے خلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائی کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور اس ضمن میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

‎وزیر داخلہ نے بتایا کہ جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں، پاسپورٹ کو جدید ٹیکنالوجی سے فول پروف بنایا گیا ہے اور غیر قانونی امیگریشن ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر امریکا جانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور حکومتی موثر اقدامات سے غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ جعلی دستاویزات کے نیٹ ورکس میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

‎امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ہماری ترجیحات ایک ہیں اور باہمی تعاون کا فروغ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔