اسلام آباد، 26 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا اور پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام “شکرا” (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ ریسپونس انالیٹکس) کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نئے نظام سے پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جا سکے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
پاکستانی پاسپورٹ کے سیکورٹی فیچرز کو آئی سی اے او سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے۔ جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں سے محکمے کی استعدادکار میں اضافہ ہوا ہے اور پاسپورٹ پرنٹنگ پراسیس سے انسانی مداخلت کو مکمل ختم کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سینٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا۔ ڈیجیٹل اینٹگریٹڈ ڈیش بورڈ سے ڈیلی آپریشنز اور تمام سٹاف کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور ایولیوشن ہوگی۔
نئے مانیٹرنگ سسٹم کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی بھی خودکار نشاندہی کی جا سکے گی۔ نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ اور مشینری سٹیٹس بھی مانیٹر ہوگا۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











