ملتان: 26 جنوری (اے پی پی): پولیس ٹریننگ کالج ملتان کے کمانڈنٹ گوہر مشتاق بھٹہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری اور سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا کہ گوہر مشتاق بھٹہ پولیس سروسز کے ایک نہایت ایماندار، شفیق اور فرض شناس افسر ہیں، جنہوں نے پولیس ٹریننگ کالج ملتان سے ایسی محبت رکھی جیسے اپنے گھر سے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوہر مشتاق بھٹہ اپنی شرافت اور نرم مزاجی کے باعث افسران و جوانوں میں یکساں مقبول رہے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا کہ ان کی اکثر ملاقات گوہر مشتاق بھٹہ سے میٹنگز میں ہوتی رہی، جہاں انہوں نے ہمیشہ دل و جان اور لگن سے کام کیا۔
گوہر مشتاق بھٹہ نہ صرف ہمارا بلکہ اس ادارے کا بھی فخر ہیں۔اس موقع پر گوہر مشتاق بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو پولیس ٹریننگ کالج میں صرف کانسٹیبلان کے کورسز کروائے جاتے تھے، تاہم اب یہاں جونیئر کمانڈ کورسز بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر ادا کیا اور اسی جذبے کے باعث کامیابی حاصل ہوئی۔











