اسلام آباد، 20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ اور عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر عثمان ڈیون کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026–2035) کے تحت پاکستان میں اقتصادی ترقی کے فروغ اور گڈ گورننس کے نظام کو مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ توانائی، غذائی تحفظ، زراعت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹرانسپورٹ سمیت اہم شعبوں میں ممکنہ تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ نے عالمی بینک کے نائب صدر کو پاکستان میں جاری وسیع تر اقتصادی اصلاحات اور ان کے کامیاب نفاذ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی بینک کے موجودہ پورٹ فولیو کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بہتر ہم آہنگی اور مضبوط نگرانی کے نظام کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے ساتھ تعاون میں ٹھوس اور قابلِ پیمائش نتائج کا حصول ہماری ترجیح ہے۔
فریقین نے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر عثمان ڈیون نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مؤثر نفاذ میں وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
عثمان ڈیون نے اس موقع پر کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحاتی پروگراموں کی تکمیل میں اپنی حمایت مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کے آئندہ دورۂ پاکستان کو دونوں فریقین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستانی عوام کے لیے بامعنی سماجی و اقتصادی فوائد کے حصول کے لیے نتائج پر مبنی شراکت داری کے تحت تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











