وزیر اعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ ہو گئے

13

اسلام آباد،20جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کی سالانہ کانفرنس 2026 میں شرکت کے لیے ڈیووس، سوئٹزرلینڈ  روانہ ہوگئے۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا ءاللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام بھی سرکاری دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس(19 تا 23 جنوری 2026 )میں شرکت کے علاوہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف  کی  اہم سفارتی اور اقتصادی مصروفیات بھی  ہوں گی۔ وہ مختلف سربراہانِ مملکت و حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کے دوران  بزنس راؤنڈ ٹیبل  بھی ہوگا جس کا مشترکہ اہتمام پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کر رہے ہیں اور اس میں عالمی سطح کی نمایاں کمپنیوں کے رہنما شریک ہوں گے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے یا اپنی موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔