وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا روانڈا کافی فیسٹیول سے خطاب

8

اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی):  وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے روانڈا کافی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روانڈا کی کافی نے دونوں ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے اور اس خوشبو کو دیرپا شراکت داری میں بدلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی کافی مارکیٹ ہے اور کافی پاکستان اور روانڈا کے درمیان رابطے کا ایک مضبوط پل بن سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان افریقہ کے ساتھ عملی اور شعبہ جاتی شراکت داری کو فروغ دے گا جبکہ کراچی پورٹ قاسم اور گوادر افریقہ ایشیا تجارت کے اہم دروازے بن سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک میں زرعی اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی تجارت کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بحری تعاون مضبوط بنا کر لاگت کم اور نجی شعبے کا اعتماد بڑھایا جا سکتا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مضبوط شراکت داری کے ذریعے معیار شفافیت اور تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے روانڈا کو ایک متحرک اور مستقبل دوست افریقی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفاد اور طویل المدتی فوائد پر مبنی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کافی نے ہمیں ملایا ہے اور کامیابی کا تعین شراکت داریاں کریں گی جبکہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان کافی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔