وفاقی وزیر داخلہ کا ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ، منی لانڈرنگ، انسانی سمگلنگ اور جعلی ادویات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

16

‎ کراچی، 4 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایف آئی اے کراچی زون اور ساوتھ زون کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

‎اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی مکمل منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے۔

‎محسن نقوی نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کے خلاف واضح اور موثر کارروائی نظر آنی چاہیے۔

‎وفاقی وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھجوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ان کے خلاف بغیر کسی دباؤ کے ایکشن لیا جائے۔

‎جعلی ادویات کے کاروبار پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، جنہیں قانون کی گرفت میں لانا ناگزیر ہے۔

‎انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا اور افسران کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، تاہم کارکردگی کے ذریعے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کرنا ہوگا۔

‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا جبکہ 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات ضبط کی گئی ہیں۔ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

‎وزیر داخلہ محسن نقوی نے انچارج افسران سے ان کے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹس طلب کرتے ہوئے مزید محنت اور بہتری کی ہدایت کی۔

‎ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ کو مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔