لاہور، 3 جنوری (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مثالی گاؤں پروگرام اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مثالی گاؤں پروگرام اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر الگ الگ بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مثالی گاؤں پروگرام ایک منفرد اور عوام دوست منصوبہ ہے، جس کا مقصد دیہات میں جدید میونسپل سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی، سیوریج، پختہ گلیاں اور دیگر بنیادی سہولیات جدید معیار کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کی دس ڈویژنوں کے 469 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اب تک پی آر ایم ایس سی 336 دیہات کے لیے ٹینڈرز جاری کر چکی ہے جبکہ 114 دیہات کے منصوبوں کے ورک آرڈر بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ وزیر بلدیات کے مطابق سرگودھا کے 38، ساہیوال کے 44، گوجرانوالہ کے 55، گجرات ڈویژن کے 47، ملتان کے 62، ڈی جی خان کے 39، شیخوپورہ کے 47، راولپنڈی کے 56، بہاولپور کے 47 اور فیصل آباد کے 34 دیہات اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ منتخب دیہات میں واٹر سپلائی، سیوریج، گلیوں کی پختگی اور صفائی کے جامع منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت ہر مثالی گاؤں میں تباہ شدہ روایتی چھپڑوں کو بحال کیا جائے گا اور گندے پانی کو صاف کر کے ایکواکلچر کو فروغ دیا جائے گا۔ دیہات میں پہلی مرتبہ پارکس بنائے جائیں گے جبکہ گلیوں میں خوشنما رنگوں والی ٹائلز استعمال کی جائیں گی۔ انہوں نے پی آر ایم ایس سی کو ہدایت کی کہ کسی بھی مثالی گاؤں میں کوئی گلی کچی نہیں رہنی چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب دیہات اور شہروں میں یکساں سہولیات کی فراہمی کی خواہاں ہیں اور مثالی گاؤں پروگرام اسی وژن کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں نالیوں کی تعمیر لائیوسٹاک ویسٹ کی مؤثر صفائی کے پیش نظر کی جائے گی اور بڑے قطر کے پائپ استعمال کیے جائیں گے تاکہ صفائی میں سہولت ہو۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ دیہی آبادی اس منصوبے سے مستفید ہو سکے۔ اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر بلدیات نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ایل ڈی پی فیز ٹو پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز ترقیاتی کاموں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور گرین ایریاز کے قیام پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی پی فیز ون کے تجربات سے سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں اور لاہور کے شہریوں کو ترقیاتی منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔











