وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا پریس کانفرنس سے خطاب

11

اسلام آباد، 28 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی کارکردگی اور نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سال 2025 کے دوران مختلف اصلاحات اور اقدامات کے ذریعے معاشرے میں مذہبی و سماجی ہم آہنگی، قرآن کریم کی تعلیمات کے فروغ اور سیرتِ رسولﷺ کے پیغام کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

معاشرے میں قرآنی تعلیمات کے فروغ کےلیےپاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی قرأت مقابلہ منعقد ہوا جس میں 37 ممالک کے قراء نے شرکت کی، ان اقدامات سے نوجوانوں میں دینی سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت مذہبی تشخص اجاگر ہوا۔

 سیرتِ رسولﷺ کے فروغ کے لیے پچاسویں سیرت کانفرنس منعقد ہوئی جو حضور اکرمﷺ کی ولادت باسعادت کے پندرہ سو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے OIC کے اعلان کردہ  ‘‘نبی الرحمہ’’ کے عنوان کے تحت منعقد کی گئی جس میں فلسطین،مصر،بنگلہ دیش اور بحرین سے بین الاقواامی وفود اور پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر کے ممتاز علماء اور مشائخ نے شرکت کی، کانفرنس کے موقع پر قومی قرآن و سیرتؐ نمائش بھی منعقد کی گئی۔

 تعلیمی اور تحقیقی اقدامات میں عصری مسائل کے حل کے لیے سیرتِ رسولﷺ کی روشنی میں تحقیقی مقالہ جاتی مقابلہ منعقد کیا گیا۔

قومی سیرت مقابلے کے پورے نظام کو ڈیجیٹل بنایا گیا۔گزشتہ پچاس سال کے تحقیقی سیرت مقالہ جات کو ڈیجیٹلائز کیا  جا رہا ہے ۔

بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قومی علما و مشائخ کونسل کو 2025 میں ازسرنو تشکیل دیا گیا۔ کونسل کے دو اجلاس منعقد ہوئے جن میں انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز بیانیے کے خاتمے اور ذمہ دار مذہبی مکالمے پر متفقہ سفارشات پیش کی گئیں۔ان اقدامات سے معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ ملا۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 2025 کے دوران پاکستان کو شاندار انتظامات پر ایکسی لینس ایوارڈ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حج پالیسی 2026 سابقہ اصلاحات کی بنیاد پر ترتیب دی گئی تاکہ لاگت میں کمی اور سہولت میں اضافہ کیا جا سکے۔ حج 2025 کے دوران ڈیجیٹل سہولیات اور شفاف نگرانی کے نظام متعارف کرائے گئے۔

عراق اور ایران کی زیارات کے لیے سالار سسٹم کو ختم کر کے زیارات گروپ آرگنائزرز ZGOs کا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ایک ہزار 413 درخواستوں میں سے 221 کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں ۔ جلد ہی یہ تعداد 3 سو سے تجاوز ہو جائے گی ۔