اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں ہوا۔
وفاقی کابینہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے سٹیٹ بینک سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کو جدید عصری تقاضوں کے حوالے سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کی گئی پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیز کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ کے حوالے سے پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں مزید غور و خوض کے لئے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔











