لاہور، 14 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “کلین لاہور” وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل صدر کا دورہ کیا اور میونسپل سروسز کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر، ڈپٹی سی او ایم سی ایل، ڈی ایم ڈی واسا اور ڈپٹی سی او ایل ڈبلیو ایم سی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے بیدیاں روڈ موتا سنگھ والا کے علاقے میں صفائی ستھرائی اور سیوریج انتظامات کا معائنہ کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر نے فیلڈ سرگرمیوں اور میونسپل سروسز پر بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ناقص سیوریج اور غیر مناسب صفائی انتظامات کی نشاندہی کی گئی۔
ڈی سی لاہور نے سڑکوں کی صفائی اور سیوریج نظام کی فوری بہتری کے احکامات جاری کرتے ہوئے واسا حکام کو نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی روزانہ بنیاد پر نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو بھی ہدایت کی کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے واسا کی ڈی سلٹنگ مہم جاری ہے جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔











