اسلام آباد، 02 جنوری (اے پی پی ): وفاقی کابینہ نے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت کے حوالے سے آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کے اجرا کے لئے کارروائی کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کامیابی سے طے پائی اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا،رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند ہے،متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے حالیہ ملاقاتیں دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید رہیں،سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پائی اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی یہ عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی،پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خسارے میں جانے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی معاشی اصلاحات کے وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک روز قبل ان کی سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر خوشگوار بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سٹریٹجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 30 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس ، 2025 کے حوالےسے کارروائی کی توثیق بھی شامل ہے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 3 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جس میں آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹ) لیوی کے حوالے سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور اس حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے حوالے سے فیصلے کی توثیق بھی شامل ہے۔ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر تھرڈ پارٹی کی جانب سے آف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت کے حوالے سے آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کے اجراء کے لئے کارروائی کی منظوری دے دی۔











