پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک  کے مابین 603 ملین ڈالر مالیت کے تین اہم قرض معاہدوں پر دستخط

9

اسلام آباد، 20 جنوری )اے پی پی ): پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے مابین 603 ملین ڈالر مالیت کے تین اہم قرض معاہدوں پر منگل کو یہاں  دستخط کیے گئے۔ معاہدوں پر دستخط وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد کے درمیان ملاقات کے بعد عمل میں آئے۔

قرض معاہدوں پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

معاہدوں کے تحت اسلامی ترقیاتی بینک ایم-6 سکھر تا حیدرآباد موٹروے منصوبے کے لیے 475 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔ ایم-6 موٹروے مجوزہ پشاور تا کراچی موٹروے کا ایک اہم حصہ ہے، جو ملکی رابطہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔اس کے علاوہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو غربت سے نکالنے کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کرنے کا بھی معاہدہ طے پایا۔ اس پروگرام کا مقصد خاندانوں کو نقد امداد پر انحصار سے نکال کر پائیدار روزگار، معاشی خودمختاری اور مضبوط معاشی بنیاد فراہم کرنا ہے۔

تخفیفِ غربت پروگرام کی مجموعی لاگت 134.2 ملین ڈالر ہے، جس میں اسلامی ترقیاتی بینک 118.4 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ ملک کے 25 اضلاع میں نافذ کیا جائے گا، جس سے 160,866 گھرانے مستفید ہوں گے۔مزید برآں، آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے لیے ایک منصوبے کے تحت اسلامی ترقیاتی بینک 10 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ منصوبے کے ذریعے تقریباً 60 ہزار بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں داخل کیا جائے گا جبکہ 4 ہزار اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔

اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد نے کہا کہ بینک پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے پاکستان کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہا۔