پاکستان اور امریکہ کے درمیان 13ویں دو طرفہ مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ–2026 کا این سی ٹی سی پبی میں آغاز

10

راولپنڈی۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان اور امریکہ کے درمیان 13ویں دو طرفہ مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ–2026 کا گزشتہ روز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی)پبی میں شروع ہو گئی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشق انسدادِ دہشت گردی (کاؤنٹر ٹیررازم) کے شعبہ میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں پاکستان اور امریکہ کی افواج کے پیشہ ور دستے حصہ لے رہے ہیں۔افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے حکام نے شرکت کی۔اس مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے خلاف تجربات تبادلہ اور باہمی افہام وتفہیم اور روابط کو فروغ دینا ہے جبکہ مؤثر انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے لیے ضروری حربوں، تکنیکوں اور طریقہ کار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

شہری جنگی ماحول میں نشانہ بازی کی مہارت نیز ایک دوسرے کے عملی نظریات اور بہترین طریقوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ایسی مشترکہ تربیتی مشقیں بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، پیشہ ورانہ عسکری معیار کو بہتر بنانے اور پیچیدہ ِ دہشت گردی کے خلاف ماحول میں کام کرنے کیلئے دونوں افواج کی عملی صلاحیت کو مضبوط بنانے کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ انسپائرڈ گیمبٹ–2026 مشترکہ مشقیں پاکستان اور امریکہ کے امن اور استحکام کے لیے باہمی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔