35ویں نیشنل گیمز میں کامیابی پر پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس کیلئے اعزاز و انعامات کی تقریب

11

لاہور ، 10 جنوری (اے پی پی): 35ویں نیشنل گیمز 2025ء میں میڈلز جیتنے والے پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فاتح کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 24 لاکھ 50 ہزار روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ایتھلیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس میں محکمے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ موجودہ رجیم کے دوران پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں کیلئے یکساں یونیفارم اور پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کا فلیگ متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈلسٹ کھلاڑی پنجاب پولیس کے ایمبیسڈر ہیں اور انہیں چاہیے کہ ٹیلنٹ تلاش کر کے نوجوانوں کو پاکستان پولیس سپورٹس کا حصہ بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ٹیم مینیجرز کے ساتھ میٹنگز کے بعد اگلی نیشنل گیمز کی تیاری ابھی سے شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل گیمز میں گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کو 3 لاکھ، سلور میڈلسٹ کو 2 لاکھ اور برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے کے انعامات دیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ تین برسوں میں پولیس ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو 48 لاکھ روپے سے زائد کے کیش انعامات دیے جا چکے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس سپورٹس بورڈ کے پلیٹ فارم سے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سنگل کیٹگری میں سلور میڈلسٹ کھلاڑیوں کو دو لاکھ جبکہ برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ مینجمنٹ کمیٹی کے پانچ ارکان کو بھی 50 ہزار روپے فی کس کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ترجمان کے مطابق ٹیم کیٹگری میں برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو 25 ہزار روپے فی کس جبکہ ٹیم مینیجرز اور کوچز کو بھی 25 ہزار روپے فی کس کیش انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 35ویں نیشنل گیمز میں پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے مختلف ایونٹس میں مجموعی طور پر 40 میڈلز اپنے نام کیے، جن میں 3 گولڈ، 2 سلور اور 26 برونز میڈلز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نمائشی سپورٹس ایونٹس میں بھی ایتھلیٹس نے 3 گولڈ، 3 سلور اور 3 برونز میڈلز جیت کر پنجاب پولیس کا نام روشن کیا۔