اسلام آباد، 13 جنوری(اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے جائزے کے لیے منعقدہ مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اور سرمایہ کاری کو موسمیاتی اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے نئے پراجیکٹ گائیڈ لائنز تیار کی جا رہی ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی برادری کی معاونت اور بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔
احسن اقبال نے پی ایس ڈی پی میں معاشی اور تکنیکی جائزے کو مضبوط بنانے، موسمیاتی لچک کو منصوبہ بندی کے نظام میں شامل کرنے، اور ماحولیاتی تحفظ کو پاکستان کے ای ایس فائیو پروگرام کے بنیادی ستون کے طور پر فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔











