پاکستان میں تعلیم کے معیار اور طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

15

اسلام آباد، 7 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں تعلیم کے معیار اور طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس (آئی پی ایم ای سی) کے 38ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج آؤٹ آف اسکول بچوں کا مسئلہ ہے، ایسے بچے جو تعلیم اور اسکلز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے اور اس حوالے سے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے جو اس وقت دستیاب بھی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ پورے ملک میں یکساں نصاب اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اس مقصد کے لیے نیشنل ایجوکیشن ایمرجنسی فورس کے کردار کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم بنیادی طور پر صوبوں کی ذمہ داری ہے تاہم وفاقی وزارت تعلیم رہنمائی، تعاون اور اپنے آئینی کردار کے تحت ایک فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر تعلیم کے شعبے میں عملی اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبے آئندہ جلد دوبارہ اجلاس کریں گے تاکہ تعلیم کے شعبے میں ٹھوس اور قابل عمل فیصلے کیے جا سکیں۔

اجلاس میں بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے وزرائے تعلیم شریک تھے جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے تعلیم نے آن لائن شرکت کی۔