بیجنگ، 07 جنوری (اے پی پی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر میں چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں وزراء نے انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر 3 ماہ بعد میٹنگ پر اتفاق ہوا اور وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک بار ملاقات ہوگی۔
چینی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی اور داخلی سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کی پولیس اور اداروں کے درمیان تجربات اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے چائینز کی سیکیورٹی کے لیے کئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ مفادات کے منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔











