اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہازوں راہ ناورد(سیل شپ)، مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)کے جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر پر مشتمل فلوٹیلا نے مسقط، عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمانی حکام کی جانب سے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دورے کے دوران مشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال نے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ عمان کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔مشن کمانڈر نے رائل نیوی آف عمان کے قائم مقام کمانڈر، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، کمانڈر سید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بحری افواج کے مابین روابط اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز اور مڈ شپ مین نے جہازوں کا دورہ بھی کیا اور پاک بحریہ کے افسران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران عمان کے عسکری حکام اور عام شہریوں نے پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا جس میں بڑی تعداد پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان سکول مسقط کے طلباء کی تھی۔بندرگاہ کے دورے کے بعد پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے رائل نیوی آف عمان کے جہاز خصب (KHASAB ) کے ساتھ بحری مشق کی۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا اور بحری مشقوں کے دو طرفہ انعقاد کے ذریعے سیکھنے کے مشترکہ مواقع کو فروغ دینا تھا۔پاکستان اور عمان سمندری ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں کی پورٹ کالز اور مشترکہ مشقیں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں ۔ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کے اس دورے سے دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔











