لاہور، 11 جنوری ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف مرحوم مہتممِ اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی وفات پر تعزیت کے لیے جامعہ اشرفیہ لاہور پہنچے۔
وزیراعظم نے جامعہ اشرفیہ میں موجودہ مہتممِ اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے مولانا فضل الرحیم اشرفی، سابقہ مہتممِ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ لاہور، کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر نائب مہتممِ اعلیٰ حافظ اسد عبید، نائب مہتمم اور مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے صاحبزادے زبیر حسن، اور ناظمِ اعلیٰ قاری مولانا اویس حسن بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے مرحوم کی بلندیٔ درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی اسلام کے لیے انجام دی گئی خدمات کو رہتی دنیا تک عالمِ اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر وہ وقت بھی یاد کیا جب وہ اپنے والدِ محترم میاں محمد شریف کے ساتھ طویل عرصے تک جامعہ اشرفیہ لاہور میں باقاعدگی سے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے حاضر ہوتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو ہر لحاظ سے قابلِ ستائش اور قابلِ تحسین ہے۔دورے کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔











