پنجاب پولیس کے میڈلسٹ ایتھلیٹس کے اعزاز میں پروقار تقریب

8

لاہور، 17 جنوری (اے پی پی): 35ویں نیشنل گیمز 2025ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس، کوچز اور ٹیم منیجرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈلز جیتنے والے 41 فاتح کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم منیجرز کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل گیمز میں کامیابی حاصل کرنے والے پولیس ایتھلیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس میں بہترین کارکردگی دکھا کر محکمے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ موجودہ رجیم میں پنجاب پولیس کھلاڑیوں کے لیے یکساں یونیفارم اور پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کا فلیگ متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو پنجاب پولیس کے ایمبیسڈرز قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ نئے ٹیلنٹ کو تلاش کر کے پاکستان پولیس سپورٹس کا حصہ بنائیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق نیشنل گیمز میں گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کو 3 لاکھ، سلور میڈلسٹ کو 2 لاکھ جبکہ برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے کے کیش انعامات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں پولیس ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے کے کیش انعامات دیے جا چکے ہیں اور پولیس سپورٹس بورڈ کے پلیٹ فارم سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سنگل کیٹگری میں برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو ایک لاکھ جبکہ ٹیم کیٹگری میں برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں کو 25 ہزار روپے فی کس انعام اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ اسی طرح ٹیم منیجرز اور کوچز کو بھی 25 ہزار روپے فی کس کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ 35ویں نیشنل پولیس گیمز میں پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے مختلف ایونٹس میں مجموعی طور پر 40 میڈلز اپنے نام کیے، جن میں 3 گولڈ، 2 سلور اور 26 برونز میڈلز شامل ہیں، جبکہ نمائشی سپورٹس میں بھی 3 گولڈ، 3 سلور اور 3 برونز میڈلز جیتے گئے۔