لاہور، 10 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت پنجاب بھر میں جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک کیتھ لیبز کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ امراضِ قلب کے مریضوں کو معیاری علاج ان کی دہلیز پر فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم کے بعد جھنگ، میانوالی اور وہاڑی میں کارڈیک کیتھ لیبز جلد فنکشنل کر دی جائیں گی، جبکہ بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فیز ٹو کے تحت کیتھ لیبز کو فعال کیا جائے گا۔ ان کیتھ لیبز میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور پرائمری پی سی آئی جیسی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں 60 سے 90 منٹ کے اندر مریض کی جان بچانا ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ اور کارڈیک ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ضلعی کارڈیک کیتھ لیبز میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو خصوصی پے پیکیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں قائم ہونے والی سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک کیتھ لیب میں عالمی ایس او پیز کے مطابق امراضِ قلب کا بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی سطح پر کیتھ لیبز کے قیام سے نہ صرف ہیلتھ کیئر سسٹم میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو دور دراز کے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا اور فوری علاج کی سہولت مقامی سطح پر میسر آئے گی۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ جدید کیتھ لیبز میں علاج سے امراضِ قلب کی پیچیدگیوں سے بچاؤ بھی ممکن ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کے لیے معیاری اور بہترین علاج کی سہولت دہلیز پر فراہم کرنے کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔











