لاہور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جامعہ اشرفیہ آمد

9

لاہور، 10 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جامعہ اشرفیہ  آمد، جہاں انہوں نے جامعہ کے اکابرین اور علمائے کرام سے ملاقات کی۔

وفاقی وزراء نے شیخ الحدیث و مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور مولانا فضل الرحیم کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا۔وفاقی وزراء نے مولانا فضل الرحیم کے صاحبزادے مولانا زبیر حسن، پرنسپل جامعہ اشرفیہ مولانا قاری ارشد عبید اور وائس پرنسپل حافظ اسد عبید سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی اور عطا اللہ تارڑ نے مولانا فضل الرحیم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر وفاقی وزراء نے مولانا فضل الرحیم کی دین کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم نے ساری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے وقف کیے رکھی اور وہ فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خلاف توانا آواز تھے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم کی دین کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر مولانا اویس حسن، مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور مولانا اجود عبید بھی موجود تھے۔