اسلام آباد، 7 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پرائم گرین شپ ری سائیکلنگ یارڈ کی کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ ملک کی میری ٹائم تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ وہ پہلے گرین شپ ری سائیکلنگ یارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ کے عالمی معیار پر پورا اتر رہا ہے اور اب بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ بحری امور نے میری ٹائم شعبے میں اصلاحات کا عملی آغاز کر دیا ہے اور گڈانی شپ ری سائیکلنگ زون کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
جنید انوار چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ شپ ری سائیکلنگ میں کارکنوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن صنعت کو منظم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید شپ ری سائیکلنگ صنعت سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔
وفاقی وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری میں ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور حکومت کا ہدف پاکستان کو خطے کا پائیدار اور محفوظ میری ٹائم لیڈر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











