لاہور، 07 جنوری (اے پی پی): پنجاب اور سندھ کی مختلف گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران پر مشتمل وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔
وفد میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، سندھ گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن، کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن، لوکل گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، سپریم کونسل آف ٹرانسپورٹرز، آل پاکستان ٹرک ٹریلر اونر ایسوسی ایشن، آل پاکستان گڈز مزدا اونر ایسوسی ایشن، ہاف باڈی ٹریلر اینڈ ڈمپر کمیٹی اور ٹرانسپورٹ کیریئر ایسوسی ایشن کے نمائندگان شامل تھے۔
وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے متعارف کرائے گئے ٹریفک اصلاحات اور اقدامات کے وژن کو بھرپور سراہا۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شہزاد اعوان نے آئی جی پنجاب کو ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ٹرانسپورٹرز کمیونٹی کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور دورانِ سفر انسانی جانوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں اور گاڑیوں کو سیف سٹیز اتھارٹی کے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کرنے سے چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی، جبکہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ حادثات سے بچاؤ کے لیے اوور لوڈنگ، جعلی نمبر پلیٹوں کے خاتمے، فٹنس سرٹیفکیٹ اور ٹرک ڈرائیورز کی باقاعدہ تربیت کو یقینی بنایا جائے۔ سنگین ٹریفک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لیے قانونی کارروائی کے ضمن میں خود کو پولیس کے سامنے پیش کرنا ناگزیر قرار دیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پیش آنے والے جرائم کی ایف آئی آرز کا فوری اندراج اور جلد از جلد ریکوری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مزید آسان اور بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ چالاننگ، جرمانوں، ایف آئی آرز کے اندراج اور گاڑیوں کی بندش سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے تحفظات بھی دور کیے گئے ہیں۔
انہوں نے ٹرکوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کی سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں باقاعدہ سٹینڈز کے لیے جگہ مختص کریں۔ آئی جی پنجاب نے کسٹم اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران پنجاب پولیس اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مسائل کے حل کے لیے باہمی افہام و تفہیم سے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر اتفاقِ رائے ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان اور ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر، سی ٹی او لاہور ڈی آئی جی ڈاکٹر اطہر وحید، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔











