ملتان، 21 جنوری (اے پی پی): چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو حکومت پنجاب کی جانب سے بچوں کے تحفظ، حقوق، انسدادِ گداگری، چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کی پروموشن کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
یہ سیشن چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیوروسارہ احمد کی ہدایت پر سانجھ پریت کے اشتراک سے چائلڈ فرینڈلی سیف سپیس سنٹر نواب پور میں منعقد ہوا۔ سیشن میں ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر اور پی آر او راؤ نوید مختار کے علاوہ سانجھ پریت کی انچارج راشدہ امجد، حمزہ الطاف اور سمرین اعجاز نے بھی شرکت کی۔
آگاہی سیشن میں 50 سے زائد بچوں اور سٹاف نے حصہ لیا۔ سیشن کے دوران شرکاء کو بچوں کے تحفظ اور حقوق، چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام، اور “گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ” کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ترجمان کے مطابق، سیشن کا مقصد بچوں کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کی پروموشن کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بھکاری، لاوارث، گھر سے بھاگا، گمشدہ یا تشدد کا شکار بچہ دیکھنے کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دی جائے۔
آگاہی سیشن کے دوران شرکاء میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔











