چائنیز قونصل جنرل کے اعزاز میں الوداعی تقریب،ژاؤ شیرن کا دورِ تعیناتی صنعتی و تجارتی تعاون کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، چوہدری شافع حسین

9

لاہور، 22 جنوری (اے پی پی): چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن، سفارت خانے کے اعلیٰ حکام، صنعتکاروں اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کو ان کے کامیاب عرصۂ تعیناتی کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ ژاؤ شیرن کا دورِ تعیناتی پنجاب اور چین کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پنجاب میں اربوں روپے کی نئی چینی سرمایہ کاری آئی، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عملی ثبوت ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا رشتہ لازوال ہے اور کوئی دشمن اس اعتماد کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تجارتی تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کا معروف ہواوے گروپ رواں سال پاکستان میں 5جی نیٹ ورک کا آغاز کر رہا ہے، جس سے انٹرنیٹ کی سست روی کے مسائل حل ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں 450 چائنیز سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر کی تعمیر کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور جلد اس کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی وی وو موبائل فون کمپنی کی مینوفیکچرنگ بھی جلد پنجاب میں شروع ہونے جا رہی ہے جبکہ ایک اور چینی گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ کا آغاز کر رہا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران چین کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں اور آئندہ مہینوں میں مزید چینی کمپنیاں بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کریں گی، جو صوبے کی صنعتی ترقی کے لیے خوش آئند امر ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاک چین دوستی کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔